اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):ترجمان پاور ڈویژن ظفریاب خان نےواضح کیا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ بجلی کے نرخوں میں ریلیف پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کسی قسم کی تبدیلی کی تردید کی خبریں بے بنیاد اور متضاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر بجلی کے نرخوں اور اس کی تکنیکی تفصیلات سے متعلق غلط معلومات پھیلا کر حقائق کو مسخ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی رپورٹیں حکومت کے سرکاری موقف کو غلط انداز میں پیش کرتی ہیں اور اس کا مقصد عوام میں الجھن پیدا کرنا ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کا اعلان درست ہے اور اس کی عکاسی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جاری موسم گرما کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے صارفین پر بوجھ کم کرنے کے لیے فوری کارروائی کی ہدایت کی۔وزیراعظم کے اعلان کے بعدنیپرا نے بغیر کسی تاخیر کے ریلیف پیکیج پر عمل درآمد کے لیے 4 اپریل کو عوامی سماعت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلیف پیکیج کی وفاقی کابینہ پہلے ہی منظوری دے چکی ہے اور اس کا اطلاق ملک بھر کی تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پر ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ یہ ریلیف مہینوں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے جس میں ٹیرف کو کم کرنے کے لیے آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پییز) کے ساتھ مذاکرات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب اصل اثر عوام تک پہنچ رہا ہو تو ٹیرف کے زمرے پر بحثیں غیر ضروری ہیں۔ اس بروقت اقدام کے لیے حکومت کو کریڈٹ دینا چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578910