بجٹ سیشن پارلیمان کا اہم ترین مرحلہ، حکومت اور اپوزیشن مل کر مثبت کردار ادا کریں، وفاقی وزیر قانون

اعظم نذیر تارڑ: بجٹ سیشن میں سنجیدگی اور مثبت شرکت یقینی بنانے پر زور

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بجٹ سیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ بجٹ کے عمل میں سنجیدگی اور مثبت شرکت کو یقینی بنائیں۔

ہفتے کو ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ قومی اسمبلی کے پورے سال کا کام ایک طرف اور بجٹ سیشن کی اہمیت دوسری طرف ہوتی ہے، اس لیے اس سیشن کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔سیاسی رابطوں اور اپوزیشن کے تحفظات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر قانون نے بتایا کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن اراکین سے مطالبات اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپوزیشن سے وعدہ کیا تھا کہ ان کے تمام معاملات اور مطالبات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے انہیں سب بتا دیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم نے بھی آج مل بیٹھ کر معاملات آگے بڑھانے کی بات کی اور جمہوری عمل میں آگے بڑھنے کا یہی درست طریقہ ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اراکینِ اسمبلی کو یقین دلایا کہ بجٹ کے دوران اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی جانب سے دی جانے والی تمام آرا اور تجاویز کو باقاعدہ ریکارڈ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطلع کیا کہ ہاؤس میں سیکنڈ رو (دوسری لائن) میں وزارتِ خزانہ کی ٹیم موجود ہے جو تمام اراکین کی تقاریر اور اہم نکات کو باقاعدگی سے نوٹ کر رہی ہے، روزانہ شام کو وزارتِ خزانہ میں ان تمام نکات پر تفصیلی بحث کی جائے گی تاکہ بجٹ کو حتمی شکل دینے (ونڈنگ اپ)سے پہلے تمام تجاویز حکومت کے سامنے واضح شکل میں موجود ہوں۔ایوان میں کچھ اراکین کی جانب سے دکھائی جانے والی غیر سنجیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ یہ ملک کا بجٹ سیشن ہے اس لیے یہاں مکمل سنجیدگی کا مظاہرہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپوزیشن کے دوستوں سے اپیل کی کہ وہ سیشن میں بھرپور حصہ لے کر حکومت کی اصلاح اور درستگی کریں کیونکہ حکومت ان کی مثبت تنقید سننے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔ اسی طرح انہوں نے حکومتی بینچز کے اراکین سے بھی امید ظاہر کی کہ وہ سیشن میں پوری شرکت یقینی بنائیں گے اور ملکی مفاد میں اپنی قیمتی تجاویز حکومت تک پہنچائیں گے

مزید خبریں