ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی معیشت کی بحالی اور خود انحصاری کے لیے دور رس اصلاحات کی تجاویز
ملک کو خود انحصاری کی طرف لے جانے کے لیے ’’معرکہ معیشت‘‘ جیتنا ہوگا، فاروق ستار

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر راہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان کو خود انحصاری کی منزل پر گامزن کرنے اور معیشت کی بحالی کے لیے دور رس بنیادی اصلاحات کی تجاویز پیش کردیں ۔
ہفتہ کو قومی اسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے ایسے اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں درست معاشی فیصلوں کے ذریعے بین الاقوامی مالیاتی اداروں (آئی ایم ایف) سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے موجودہ بجٹ کو عوامی توقعات کے مطابق مزید بہتر بنانے کے لیے معاشی دائرہ کار وسیع کرنے پر زور دیا۔رکن قومی اسمبلی نے افواجِ پاکستان اور عسکری قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہماری قیادت اور قوم نے دفاعی میدان میں دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا، اب اسی عزم کے ساتھ ہمیں ‘معرکہ حق’ سے آگے بڑھ کر ‘معرکہ معیشت’ کی طرف جانا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی طاقتوں کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد اب حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری عالمی سرمایہ کاروں (گلوبل انویسٹرز) کا اعتماد بحال کرنا ہے، تاکہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے بجٹ میں حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پراپرٹی پر ‘سیکشن 7E’ کا خاتمہ اور مختلف ٹیکسوں میں کمی انتہائی خوش آئند ہیں، جس سے کنسٹرکشن انڈسٹری میں موجود جمود کا خاتمہ ہوگا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ تاہم، انہوں نے تجاویز پیش کیں کہ صرف چند شعبوں تک محدود رہنے کے بجائے سیاسی، انتظامی اور معاشی اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے تاکہ ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں اور لوگوں کا معیارِ زندگی حقیقی معنوں میں بہتر ہو سکے۔








