بجٹ میں معاشی استحکام، قومی خودمختاری اور اصلاحات کی بنیاد رکھی گئی، چوہدری نصیر عباس سدھو

3

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری نصیر عباس سدھو نے بجٹ کو قومی معیشت کی بحالی، ریاستی خودمختاری کے تحفظ اور عوامی ریلیف کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ قومی اسمبلی میں بجٹ 2025-26ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے امت مسلمہ کی وحدت، فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور ایران کی سالمیت کیلئے دعا کی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑا رہنے کی حکومتی پالیسی کو سراہا۔ چوہدری نصیر نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا، ہم نے نہ جھوٹے وعدے کیے، نہ جعلی خوش فہمیاں پھیلائیں بلکہ سچ بولا اور اصلاحات کا راستہ چنا۔

چوہدری نصیر سدھو نے پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اعداد و شمار کے ساتھ کہا کہ 2017ء میں نواز شریف کی حکومت میں آٹا 800 روپے، چینی 60 روپے اور پٹرول 77 روپے فی لیٹر تھا جبکہ 2022ء میں پی ٹی آئی کی حکومت میں یہ قیمتیں دوگنی اور تین گنی ہو چکی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے ان کی بدترین کارکردگی دیکھی اور آج وہ ان سے نجات کو نعمت سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی جماعت نہیں، فسادی گروہ ہے جو ریاستی اداروں پر حملہ آور ہوا، جناح ہائوس کو جلایا اور پاک فوج کے خلاف مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء، سالمیت اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں پاک فوج کا کلیدی کردار ہے۔ یہی وہ سپاہی ہیں جو ہماری فضا، میدان اور سمندر میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں خدا را، ان کا حوصلہ بڑھائیں۔

چوہدری نصیر نے کہا کہ اس بجٹ میں پہلی بار حکومتی اخراجات میں واضح کمی، سبسڈی کلچر میں کٹوتی اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 11 فیصد تک لے جانا، قابل تعریف اقدامات ہیں۔انہوں نے کسانوں کیلئے بجٹ میں شامل مراعات کو سراہا اور کہا کہ کھاد اور زرعی ادویات پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا اور چھوٹے کسانوں کو ایک لاکھ روپے تک بلا ضمانت قرض کی سہولت دی گئی ہے تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ کھاد، مشینری اور زرعی قرضوں کی مزید سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو ”معیشت کے اصل ہیرو” قرار دیا اور کہا کہ خطیر ترسیلات زر کی صورت میں انہوں نے ملک کو سہارا دیا۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے بجٹ میں شامل مراعات اور قانونی تحفظات کو سراہا اور مزید سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی۔چوہدری نصیر نے کہا کہ ہمیں معیشت کو سیاست سے پاک رکھنا ہے،

قومی اصلاحات کا تسلسل جاری رکھنا ہے اور سب مل کر بوجھ اٹھانا ہے تاکہ سب کا بوجھ کم ہو۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا موثر سفارتی مقدمہ عالمی سطح پر پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔