برسلز۔23مارچ (اے پی پی):بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم ، ہم جمہوریت، انصاف، امن، قانون کی بالادستی، سماجی اور طبقاتی امتیاز پرستی کے خاتمے، اقوام عالم سے اچھے تعلقات کا فروغ اور تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے پُر عزم ہیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک میں اپنے ایک بیان میں سفیر نے کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جب برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرکے ایک آزاد اور خود مختار مسلم ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا تھا۔
آج کا دن ہمیں شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے افکار اور بابا ئے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے تا کہ ہم ان مقاصد کا حصول ممکن بنائیں جو قیامِ پاکستان کے وقت بحیثیت قوم ہمارا نصب العین تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے مزید محنت درکار ہے اور اس حوالے سے ملک میں بسنے والے پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا 48 واں اجلاس پاکستان میں منعقد ہوا جس میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے امت مسلمہ کو درپیش انتہائی اہم مسائل بشمول مسئلہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان سمیت دیگر امور پر اجتماعی لائحہ عمل طے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی غیر قانونی تسلط میں اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ آج ہم بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی بھر پور اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔