بحیثیت مسلمان ہم پر لازم ہے کہ ایک دوسرے کے عزت و احترام کا خیال رکھیں،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

بحیثیت مسلمان ہم پر لازم ہے کہ ایک دوسرے کے عزت و احترام کا خیال رکھیں،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے پارلیمانی امن کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن، بھائی چارے، اخوت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔ بحیثیت مسلمان، ہم سب پر لازم ہے کہ ایک دوسرے کے عزت و احترام کا خیال رکھیں۔ امن و آشتی کے ماحول میں ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں۔

گلگت بلتستان میں بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پارلیمانی امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ گلگت بلتستان میں امن و امان کو درپیش چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے پارلیمانی امن کمیٹی قیامِ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔ اس مقصد کے لیے کمیٹی کے خصوصی ٹی او آرز اور فریم ورک تشکیل دئیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنرز امن کمیٹیاں تشکیل دے کر انہیں نوٹیفائی کریں گے، جن میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) بھی بطور ممبر شامل ہوں گے۔ اسی طرح ڈویژنل سطح پر کمشنرز ڈویژنل پیس کمیٹیاں نوٹیفائی کریں گے، جن میں متعلقہ کمشنر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) بھی شامل ہوں گے۔

اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی سطح پر امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں مختلف مکاتب فکر کی تنظیموں کے 4نمائندے اور 12 عمائدین شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ 12 اراکین پر مشتمل علماء و مشائخ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی، جو امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

اجلاس میں پارلیمانی امن کمیٹی کے اراکین، صوبائی وزیر داخلہ دلپذیر خان، وزیراعلیٰ کے مشیر عطاء اللہ، صوبائی وزیر زراعت حاجی انور علی، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی فرمان علی، رکن اسمبلی عبدالجہان اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے شرکت کی۔