برآمدات بڑھانے کیلئے ایس ایم ای سیکٹر کو اپنی مصنوعات کے نئے ڈیزائن متعارف کرانا ہوں گے،ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن

128
برآمدات بڑھانے کیلئے ایس ایم ای سیکٹر کو اپنی مصنوعات کے نئے ڈیزائن متعارف کرانا ہوں گے،ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن

فیصل آباد۔ 08 جنوری (اے پی پی):ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات بڑھانے کیلئے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز سیکٹر کو اپنی مصنوعات کو بہتر بنانے سمیت نت نئے ڈیزائن متعارف کرانا ہوں گے کیونکہ پاکستانی برآمدات کا بڑا حصہ ٹیکسٹائل پر مشتمل ہے اور اس شعبہ میں سب سے زیادہ ویلیو ایڈیشن نٹ وئیر اور گارمنٹس کے سیکٹر میں ہوتی ہے اوراگرچہ فیصل آباد میں بے شمار چھوٹے ودرمیانہ درجے کے ہوزری یونٹس موجود ہیں مگر وہ محدود مالی وسائل کی وجہ سے نہ تو اپنی کوالٹی کو بہتر بنا رہے ہیں اور نہ ہی پیداوار میں اضافہ کر رہے ہیں۔پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے رہنما نعیم احمدنے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ اگرایس ایم ای سیکٹر کو مناسب آگاہی، رہنمائی اور مدد دی جائے تو وہ پاکستانی برآمدات میں قابل قدر اضافہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اس سلسلہ میں بزنس ڈویلپمنٹ سروسز کوفعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا فوکس بھی برآمدات بڑھانے پر ہے لہٰذا برآمدی شعبے میں سب سے زیادہ منافع ویلیوایڈڈ نٹ وئیر اور گارمنٹس سیکٹر ہی دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ہوزری یونٹوں کو اس سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ آگاہی پروگرامز کے ذریعے ہوزری یونٹس تکنیکی مدد، آئی سی ٹی سروسز، کوالٹی سر ٹیفکیشن، مارکیٹنگ سپورٹ اور سرمایہ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔