برآمدات میں اضافہ معیشت کی سمت درست ہونے کا اشارہ ہے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا سیمینار سے خطاب

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ہم ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے ذریعے برآمدات میں اضافہ کر سکتے ہیں، فروری میں سالانہ بنیادوں پر ڈالر کی مد میں برآمدات میں 13.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے زراعت میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینا ہے، نئی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہے، ہم ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے ذریعے برآمدات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھنول کو بطور ایندھن استعمال کو فروغ دینا ہے، ہمیں ایتھنول کے شعبہ میں برازیل کے تجربہ اور مہارت سے سیکھنا ہے، حکومت چینی مولاسیز اور ایتھنول کے شعبہ کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال سے برآمدات کمی کا شکار تھیں، خوشی ہے کہ فروری میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں سالانہ بنیادوں پر ڈالر کی مد میں برآمدات میں 13.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ اشارہ ہے کہ معیشت کی سمت درست ہو گئی ہے،