برآمدات میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کے استحکام اور بیرونی کھاتوں کے توازن کیلئے اہم ہے، اسماعیل ستار

سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار نے وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے کہا ہے کہ برآمدات میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کے استحکام اور بیرونی کھاتوں کے توازن کے لیے اہم ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمدات ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور زرمبادلہ کے حصول کے لیے برآمدی شعبے کو سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے۔

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار نے وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے کہا ہے کہ برآمدات میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کے استحکام اور بیرونی کھاتوں کے توازن کے لیے اہم ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمدات ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور زرمبادلہ کے حصول کے لیے برآمدی شعبے کو سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے۔

اسماعیل ستار نے کہا کہ صنعتی شعبے کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے لیے پیداواری لاگت میں کمی بھی اہمیت کی حامل ہے، ان کے مطابق بجلی اور گیس کی قیمتوں سمیت مختلف پیداواری اخراجات میں کمی سے پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں میں بہتر انداز میں مقابلہ کر سکتی ہیں۔انہوں نے بعض کمپنیوں کے لیے سپر ٹیکس کی شرح میں کمی کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے مزید اصلاحات اور سہولتوں کی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کی مکمل استعداد کے حصول کے لیے سرمایہ کاری، پیداوار اور برآمدات میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے حکومت، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کے درمیان مشاورت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے ایسی پالیسیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں جو صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور برآمدی آمدن میں اضافے کا باعث بنیں۔اسماعیل ستار نے کہا کہ برآمدات میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کے استحکام اور بیرونی کھاتوں کے توازن کے لیے اہم ہے، اس لیے برآمدی شعبے کی استعداد بڑھانے کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔