میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید بے نظیر بھٹو پارک میں مینگروز کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد اہم منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، منتخب نمائندے اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
میئر کراچی کی جانب سے مینگروز کی شجرکاری مہم کا افتتاح ، پانچ ہزار کے پودے لگانے کا اعلان

مزید خبریں
کراچی۔ 13 جون (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید بے نظیر بھٹو پارک میں مینگروز کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد اہم منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، منتخب نمائندے اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ حال ہی میں کیماڑی کے علاقے میں بائیو ڈائیورسٹی پارک قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کا افتتاح نومبر 2026 تک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعےسکولوں کے طلبہ و طالبات کو مینگروز کے درختوں اور ان کی افادیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو پارک میں بھی شجرکاری مہم کو مزید وسعت دی جائے گی اور یہاں پانچ ہزار سے زائد مینگروز کے پودے لگائے جائیں گے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون پر عارف کھوکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، ٹھٹھہ اور سجاول میں مینگروز کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مینگروز کے حوالے سے دو عالمی ریکارڈز بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔ میئر کراچی نے سیوریج کے مسائل کے حل کے حوالے سے بتایا کہ گٹر باغیچہ ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو 30 جون تک آپریشنل کر دیا جائے گا، جبکہ 31 دسمبر 2026 تک 100 ایم جی ڈی صلاحیت کے پلانٹ کو فعال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماڑی پور ٹریٹمنٹ پلانٹ سے 54 ایم جی ڈی پانی کو ٹریٹ کیا جائے گا، جس سے ماحولیاتی بہتری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ راشد منہاس روڈ پر واقع الہ دین پارک کو اربن فاریسٹ میں تبدیل کیا جائے گا اور کے ایم سی کی 50 ایکڑ زمین کو شجرکاری اور ماحول دوست سرگرمیوں کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں جہاں بھی درختوں کی غیرقانونی کٹائی ہوگی، اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ کے فور منصوبہ 2016 سے مشترکہ مفادات کونسل میں زیر التوا ہے اور مختلف وزرائے اعظم اس کا کئی بار افتتاح کر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں کے فور منصوبے کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور شہر کے نمائندوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور اس کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے اور جس جماعت کو عوام نے ووٹ دیا ہے، حکومت بھی اسی جماعت کی بننی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اصولوں کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔







