برآمدات کے فروغ کیلئے ترکیہ کی فوڈ مارکیٹ کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانا چاہیے،شاہد عمران

129
FPCCI

لاہور۔16فروری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرعی شعبے اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ہمیں ترکیہ کی فوڈ مارکیٹ کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اتوار کو عبد الرحمن کی سربراہی میں فوڈ پروڈیوسرز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ یورپ اور ایشیاء کے سنگم پر واقع ہے جہاں متنوع اور اعلی معیار کی زرعی مصنوعات کی طلب بہت زیادہ اور یہ پاکستانی فوڈ آئٹمز کے لئے ایک منافع بخش مارکیٹ بن سکتی ہے، چاول، گندم، پھلوں اور سمندری غذا کے شعبوں میں پاکستان ترک مارکیٹ میں ایک کلیدی سپلائر بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کو مضبوط تجارتی چینلز کے قیام ، برآمد کے طریقہ کار کو سہل کرنے اور ترکیہ میں پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹنگ میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

شاہد عمران نے کہا کہ اس غیر استعمال شدہ صلاحیت سے فائدہ اٹھا کر پاکستان نہ صرف اپنی برآمدی آمدنی میں اضافہ کرسکتا ہے بلکہ ترکیہ کے ساتھ اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو بھی فروغ دے سکتا ہے۔