لاہور۔20اگست (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے برائلر مرغی کا گوشت سستا کرنے کے حوالے سے دائر متفرق درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو متعلقہ حکام سے ہدایات لے کر آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی 23 اگست تک ملتوی کر دی۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نیپاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی دائر درخواست پر سماعت کی ۔
پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے برائلر مرغی کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے کوئی جامع پالیسی نہیں بنائی، نہ ہی برائلر مرغی کے گوشت کو سستا کرنے کے لیے کوئی مثر میکنزم تشکیل دیا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ حکومت نے برائلر مرغی کی خوراک کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے بھی کوئی اقدامات نہیں کیے، جس کے نتیجے میں برائلر مرغی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت کو برائلر مرغی کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے، اور ایک مناسب میکنزم تشکیل دینے کا حکم صادر کیا جائے تاکہ قیمتوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔