برازیل میں شدید بارشوں سے 21 افراد ہلاک، 32 لاپتہ ہوگئے

برازیلیا ۔ 4 مارچ (اے پی پی) برازیل میں شدید بارشوں کے باعث 21 افراد ہلاک،32لاپتہ ہوگئے۔ برازیل کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے گنجان آباد شہروں ساﺅپالو اور ریو ڈی جنیرو میں موسلادار شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث جنوب مشرقی برازیل میں سیلاب اور مٹی کا تودہ گر نے کے باعث کم از کم 21 افراد ہلاک، 7زخمی اور 32لاپتہ ہیں، سینکڑوں گھرسیلابی پانی میں بہہ گئے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، برازیل کے مختلف شہروں اور میناس جیریئس ریاست میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر لوگوں کو ان کے گھروں سے محفو ظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ۔ متعدد شاہراہیں بند ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔واضح رہے کہ برازیل ، میں بھاری بارش کے بعد مٹی کے تودے گرنے سے تباہ شدہ مکانات کے آس پاس مقامی افراد اور ریسکیو کی ٹیمیں کیچڑ اور ملبے کو صاف کرنے کا کام کر رہی ہیں۔