برسبین ہیٹ اور سڈنی سکسرز کے درمیان مینز بگ بیش لیگ کے تیرہویں ایڈیشن کا فائنل (کل )کھیلا جائے گا

143
Men's Big Bash League
Men's Big Bash League

سڈنی۔23جنوری (اے پی پی):مینز بگ بیش لیگ(بی بی ایل) کے تیرہویں ایڈیشن کا چیمپئن کون ہو گا؟برسبین ہیٹ اور سڈنی سکسرز کی ٹیموں کے درمیان مینز بی بی ایل کافائنل میچ کل(بدھ کو) سڈنی کرکٹ گرائونڈ،سڈنی کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے زیر اہتمام مینز بگ بیش لیگ(بی بی ایل) کا تیرہواں ایڈیشن آسٹریلیا میں جاری ہےجو اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کومل رہے ہیں۔ بگ بیش لیگ کا فائنل میچ برسبین ہیٹ اور سڈنی سکسرز کی ٹیموں کے درمیان سڈنی کے مقام پر کھیلا جائے گا۔اس سے قبل سڈنی سکسرز کی ٹیم کوالیفائر میچ میں برسبین ہیٹ کو 39 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھی جبکہ برسبین ہیٹ نے چیلنجرمیچ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو 54 رنز سے ہر اکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔

دفاعی چیمپئن پرتھ سکارچرز ناک آئوٹ میچ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے ہاتھوں 50 رنز سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی اور اس کے ٹائٹل کے دفاع کے خواب چکناچور ہوگئے تھے۔برسبین ہیٹ کی ٹیم نیتھن میک سوینی کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ سڈنی سکسرز کو موائسز ہنریکس لیڈ کر رہے ہیں۔ بگ بیش لیگ مردوں کا ایک پیشہ ورانہ ٹی ٹونٹی ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جس میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں تھیں جن میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، برسبین ہیٹ ، ہوبارٹ ہریکینز، میلبورن رینیگیڈز، میلبورن سٹارز، پرتھ سکارچر ز، سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈرشامل تھی ۔

ٹورنامنٹ کی فائنلسٹ ٹیموں برسبین ہیٹ اور سڈنی سکسرز کے درمیان فائنل معرکہ کل بدھ کو سڈنی کے مقام پرہوگا