برسبین ہیٹ نے ویمنز بگ بیش لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

64

سڈنی ۔ 26 جنوری (اے پی پی) برسبین ہیٹ نے ویمنز بگ بیش لیگ کا ٹائٹل جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں سڈنی سکسرز کو 3 وکٹوں سے شکست دی، برسبین ہیٹ ویمن نے 132 رنز کا ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 7 وکٹوں پر حاصل کیا، بتھ مونی نے65 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، بتھ مونی میچ اور ایلیز پری ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ ہفتہ کو سڈنی میں کھیلے گئے ویمنز بگ بیش لیگ کے فائنل میں سڈنی سکسرز ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 131 رنز بنائے، کپتان ایلیز پری 33 اور ڈینی وان نائیکرک 32 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ہیرس نے 3 اور کیمنس نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں برسبین ہیٹ ویمن نے مطلوبہ ہدف 19.2 اوورز میں 7 وکٹوں پر پورا کیا، بتھ مونی نے 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر سڈنی سکسرز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، کپتان کربی شارٹ 29 رنز بنا کر دوسری نمایاں بلے باز رہیں، ہیرس 9 اور کیمنس 2 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہیں، ڈینی وان اور برنز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔