برسلز ۔17اکتوبر (اے پی پی):برسلز میں پاکستان کے سفارتخانہ نے یورپی یونین کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریسرچ اینڈ انوویشن (ڈی جی آر ٹی ڈی) کے تعاون سے ہورائزن یورپ گرانٹ سکیم پر ایک معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا۔ پاکستانی سفارتخانہ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق سفارت خانہ نے اپنے سائنس ڈپلومیسی اقدام کے ایک حصے کے طور پر معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ اور یورپی یونین کے وفد کی سربراہ رینا کیونا نے خطاب کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ہورائزن یورپ گرانٹ سکیم تحقیق اور اختراع کے لیے یورپی یونین کا فلیگ شپ فنڈنگ پروگرام ہے۔ اس کا 95.5 ارب یوروکا بجٹ ہے اور اس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعاون کرنے کے لیے تحقیق اور اختراع کے مختلف شعبوں میں مدد کرنا ہے۔ یہ پروگرام سات سال کی مدت (2021-2027) پر محیط ہے۔
معلوماتی سیشن کے دوران سامعین کو سینئر پالیسی آفیسر تانیہ فریڈریچز نے ہورائزن یورپ گرانٹ سکیم میں پاکستانی اداروں کی شرکت کے طریقہ کار کے بارے میں بھی بتایا۔ بعد ازاں یورپی کمیشن کے ماہرین نے زراعت، سرکلر اکانومی بشمول پائیدار ٹیکسٹائل اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے موضوعات میں متنوع گرانٹس کالز کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (اقوام متحدہ) سفیر سید حیدر شاہ نے سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعات سے فائدہ اٹھانے کی عالمی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی تقریبات سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تحقیقی روابط کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملے گی۔ تقریب میں پاکستان میں پالیسی اور تعلیمی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ یورپی یونین میں سائنسی ڈائسپورا نے بھی شرکت کی۔