برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے شاعر مشرق  ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

155
برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے شاعر مشرق  ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد
برسلز ۔9نومبر  (اے پی پی):برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے شاعر مشرق  ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس  موقع پر تقریب کے شرکاء نے  علامہ اقبال کی لازوال میراث کو "شاعر مشرق” کے طور پر منایا اور ادب، فلسفہ، اور خود ارادیت اور روحانی بیداری کی تحریک میں ان کی گراں قدر  خدمات  کا اعتراف کیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پریس قونصلر صغیر انور وٹو نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔
پروگرام میں ڈاکٹر علامہ محمداقبال کی زندگی اور کارناموں پر ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی  دکھائی گئی جس میں ان کے  علمی و فکری اور سیاسی انداز فکر  کے سفر اورعمیق اثرات کو بیان کیا گیا ۔اس موقع پر پاکستان پریس کلب بیلجیئم کے صدر عمران ثاقب  بھی موجود تھے جبکہ مختلف شعرا شیراز راج، روبینہ کوثر اور صغیر انور وٹو نے اقبال کی تخلیقات اور ان کی شاعری سے منتخب اشعار سنائے۔ کلیدی خطبہ ہالینڈ کے ممتاز سکالر سید اعجاز حسین سیفی نے پیش کیا جنہوں نے اقبال کی فلسفیانہ خدمات پر روشنی ڈالی۔
اعجاز سیفی نے آج کی دنیا میں ان کے خیالات کی لازوال مطابقت پر زور دیتے ہوئے اقبال کے خود کو دریافت کرنے، علم کے حصول اور سماجی ترقی کی دعوت پر زور دیا۔ سفارت خانے  میں ناظم الامور فراز زیدی نے شرکاء ،شاعروں اور کلیدی مقرر ین کی تعریف کی  اور  اعجاز سیفی کی طرف سے اقبال کے وژن کو فصاحت کے ساتھ سامعین کے ساتھ شیئر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
فراز زیدی  نے کہا کہ اقبال کا  خودی  کا فلسفہ آج بھی ہمیشہ کی طرح طاقتور ہےاور ان کے الفاظ پاکستان اور دنیا کے لیے مشعل راہ  کا کام کر رہے ہیں جو حکمت، تدبر اور عزم پر مبنی مستقبل کی طرف ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔ اس تقریب نے متنوع سامعین کو متوجہ کیا جن میں طلباء، صحافی  اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین شامل تھے جنہوں نے سفارت خانے کی جانب سے "یوم اقبال” کی تقریب کے انعقاد  کو سراہا۔