برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کیلئے قائداعظم کے کردار کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم قائد کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پیصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائداعظم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 144 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، ہم برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کیلئے ان کے کردار کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو مستحکم اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ان …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پیصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائداعظم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 144 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، ہم برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کیلئے ان کے کردار کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو مستحکم اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ان کی تعلیمات پر عمل کریں گے۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ پیش کیا۔ وہ اقلیتوں کے حقوق کے سب سے بڑے داعی تھے اور انہوں نے فرمایا تھا کہ پاکستان میں ہر ایک کمیونٹی کے افراد کو بطور شہری مساوی حقوق دستیاب ہوں گے اور انہیں اپنے مذہب اور اس کی اقدار پر عمل کی مکمل آزادی ہو گی۔ پاکستان میں اقلیتوں کا ہر طرح تحفظ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج ہم اس عہد پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں اس کی متنوع آبادی اور مختلف مذاہب کے پیروکار شہریوں و بلارنگ و نسل، ذات پات اور مذہب کو مساوی مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھی یاد رکھنا ہو گا جو گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے متاثر ہیں۔ بھارت نے ان کیخلاف دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے اور گزشتہ ایک سال سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈائون نافذ کر رکھا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کووڈ۔19 کی دوسری لہر کا سامنا کر رہی ہے۔ اس لئے میں پوری قوم پر زور دیتا ہوں کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نظم و ضبط پر کاربند رہیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم نے کورونا کی پہلی لہر کے دوران جس طرح نظم و ضبط اور ہدایات پر عمل کیا تھا دوسری لہر میں بھی اس طرح نظم و ضبط اور ہدایات پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ پاکستان زندہ باد۔