برطانوی مہم جو آج سے سعودی عرب میں 2500 کلومیٹر پیدل سفر کا آغاز کریں گی

79
برطانوی مہم جو آج سے سعودی عرب میں 2500 کلومیٹر پیدل سفر کا آغاز کریں گی

لندن ۔1جنوری (اے پی پی):برطانوی مہم جو، مؤرخ اور ٹی وی میزبان ایلس موریسن آج (یکم جنوری )سے اپنا پانچ ماہ پر محیط سعودی عرب کے شمالی کنارے سے جنوبی سرے تک کے پیدل سفر کا آغاز کریں گی، اس دوران وہ اڑھائی ہزار کلومیٹر کا راستہ طے کریں گی۔ اردو نیوز کے مطابق ایلس موریسن کے اس تاریخی سفر میں صحرا، کئی نخلستان اور پہاڑی راستے آئیں گے، مہم میں ان کے ساتھ مقامی رہنماؤں سمیت اونٹوں کا قافلہ ہو گا۔

برطانوی خاتون کی اس مہم کے تین بنیادی مقاصد ہیں جن میں نئے مقامات اور تاریخی علاقے دریافت کرنا، سعودی معاشرے میں خواتین کا اہم کردار اور مملکت کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کو اجاگر کرنا شامل ہے۔ایلس موریسن نے سفر پر روانہ ہونے سے قبل بتایا کہ گزشتہ 45 سال سے وہ عربی زبان اور مشرق وسطیٰ کا مطالعہ کر رہی ہیں اور اب وہ سعودی عرب کے تاریخی راستوں کو جاننا چاہتی ہیں۔

برطانوی مہم جو عرب خطے سے جڑی قدیم قافلوں کی تاریخی کہانیوں کی حقیقت جاننے کی کوشش کریں گی جہاں اب ایسی قوم آباد ہے جو تیزی سے تبدیلی اور جدیدیت کا سفر طے کر رہی ہے۔برطانوی ٹی وی میزبان کی حال ہی میں بی بی سی پر نشر ہونے والی عرب خطے میں نبطیوں کے دور پر سیریز( عریبین ایڈوینچر:دی سیکرٹس آف دی نبطینز)پیش کی گئی تھی جس میں انہوں نے سعودی عرب کے قدیم علاقے العلا کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا۔

خاتون مہم جو نے کہا کہ ان کا یہ سفر تاریخی پہلوؤں کے حوالے سے انتہائی اہم ہو گا، موسمیاتی تغیرات کا جائزہ لیا جائے گا اور یقینا راستے میں موجود صحرا بہت سی دلچسپ کہانیوں کو جنم دے گا۔انہوں نے کہا کہ سفر کے دوران مختلف علاقوں میں بسنے والی سعودی خواتین کے ساتھ وقت گزارنے اور ان کی زندگی سے جڑی کہانیاں ان کے تجربات میں خاص قسم کا اضافہ کریں گی۔61 سالہ ایلس موریسن کی یہ تاریخی مہم دنیا بھر کے سیاحوں اور مہم جو افراد کے لیے ایک ترغیب ہے تاکہ وہ عمر کی پروا کیے بغیر اپنے خوابوں کو حقیقت بنائیں اور مملکت کے تاریخی علاقوں کی دلچسپ سیاحت کریں۔