برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کا شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

125

لندن ۔ 19 جون (اے پی پی) برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین عوامی اور حکومتی سطح پر دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ برآمدات کے حجم کو 400 ملین سے بڑھا کر ایک ارب پاونڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو یہاں اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی لندن تشریف لائے، ہم نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ جیریمی ہنٹ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین عوامی سطح پر اور حکومتی سطح پر دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں۔ ہمارے درمیان دو طرفہ تجارت، بین الاقوامی امور پر تعاون، علاقائی کشیدگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اور غربت کے خاتمے کے حوالے انتہائی مفید گفتگو ہوئی۔ جیریمی ہنٹ نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی مسرت ہورہی ہے کہ برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی تجارت نے پاکستان کے ساتھ برآمدات کے حجم کو 400 ملین سے بڑھا کر ایک ارب پاﺅنڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے برٹش ایئر ویز کے اسلام آباد سے لندن براہ راست فلائیٹ آپریشن کی بحالی کے حوالے سے بھی گفتگو کی ہے، یہ دونوں ممالک کیلئے اچھا شگون ہو گا۔ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں پر محیط ہیں آج ہم نے اسی تعلق کا اعادہ کیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے مل کر بہت خوشی ہوئی، اس سے قبل بھی ہماری مختلف مواقعوں پر ملاقات اور تبادلہ خیال ہوا، ہمارے درمیان اور دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ میں سب سے پہلے برطانوی وزیر خارجہ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنی گوناگوں مصروفیات سے وقت نکالا، ہماری ملاقات میں بہت سے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا جن میں علاقائی امور، افغان امن عمل شامل ہیں۔ پلوامہ واقعہ کے بعد خطے میں کشیدگی سے نمٹنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جو اقدامات کیے اس کے حوالے سے بھی میں نے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔