برطانوی پارلیمان کے 45 ارکان کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی غیر آئینی اقدام کو روکنے کے لئے مداخلت کی اپیل

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) برطانوی پارلیمان کے 45 ارکان نے ایک مکتوب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئیٹرس سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی غیر آئینی اقدام کو روکنے اور اس ضمن میں ان سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ یہ مکتوب وارنگٹن سے فیصل رشید نے 45 ارکان پارلیمان کی جانب سے تحریر کیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا …

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) برطانوی پارلیمان کے 45 ارکان نے ایک مکتوب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئیٹرس سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی غیر آئینی اقدام کو روکنے اور اس ضمن میں ان سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ یہ مکتوب وارنگٹن سے فیصل رشید نے 45 ارکان پارلیمان کی جانب سے تحریر کیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اس بات سے تشویش پہنچی ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے لئے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا ہے، اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے جبکہ خطے کے لئے اس کے اثرات انتہائی سنگین ہیں۔ مکتوب میں لکھا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی طویل عرصے سے جنگی جنون اور مسلمانوں سے مخاصمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، مودی بھارت کو ہندواتہ کے نظریہ پر استوار کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، نریندر مودی اپنے جارحانہ طرز عمل سے ان بنیادوں کو کمزور کر رہے ہیں جن پر بھارتی جمہوریہ قائم ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی سے بھارت کے واحد مسلم اکثریتی علاقہ میں کشیدگی اور تناﺅ میں شدید اضافہ ہوگا۔ مکتوب میں سیکرٹری جنرل سے کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں سلامتی کونسل کی توجہ مبذول کرائیں کیونکہ اس اقدام سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لئے خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طویل المیعاد اختلافات کی وجہ سے ماضی میں جنگیں بھی ہو چکی ہیں، دونوں ممالک جوہری طاقتیں ہیں، ہم اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے اور کشیدگی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

مزید خبریں