برطانیہ،کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے باعث لندن، برمنگھم، مانچسٹر، برسل اورہیروگیٹ ہزاروں بستر کے نئے ہسپتالوں کے قیام کا معاہدہ

لندن ۔ 3 اپریل (اے پی پی) برطانیہ میںکورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث لندن، برمنگھم، مانچسٹر، برسل اورہیروگیٹ میں ہزاروں بستر کے نئے ہسپتالوں کے قیام پر کام جاری ہے جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں سے 8 ہزار بستر کی فراہمی کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔برطانوی محکمہ صحت کے مطا بق برسل اور ہیروگیٹ میں ڈیڑھ ہزار بستر کے دو نئے ہسپتال قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔لندن ، برمنگھم اور مانچسٹر میں ایسے دو ہسپتال پہلے ہی زیر تعمیر ہیں۔برسل میں قائم کیا جانے والا ہسپتال ایک ہزار بسترکا، ہیروگیٹ میں 5 سو بستر کا اور لندن میں قائم کیا جانے والا ہسپتال 4 ہزار بستر کا ہوگا۔برطانوی محکمہ صحت کے چیف ایگزیکٹو سائمن سٹیونز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان ہسپتالوں کی گنجائش میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ ان ہسپتالوں کی ضرورت نہ پڑے لیکن ہمیں ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نئے ہسپتالوں کے چلانے کے لئے ریٹائرڈ ڈاکٹرز، نرسز و دیگر طبی عملہ کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے قریب میڈیکل کے طلبہ اور نرسز کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق ملک بھر میں موجود ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے لئے 33 ہزار بستر پہلے ہی خالی کرا لئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ ہسپتالوں کے ساتھ آٹھ ہزار بستر ، عملہ اور طبی آلات کی فراہمی کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔