برطانیہ سمیت چار ممالک کا اسرائیل سے غزہ میں امداد پہنچانے کی اجازت دینے کا مطالبہ

آسٹریلیا، کینیڈا، اٹلی اور برطانیہ کی حکومتوں نے غزہ کی انسانی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں فوری طور پر ضروری امدادی سامان پہنچانے کی اجازت دے۔

کینبرا۔16نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا، کینیڈا، اٹلی اور برطانیہ کی حکومتوں نے غزہ کی انسانی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں فوری طور پر ضروری امدادی سامان پہنچانے کی اجازت دے۔ شنہوا کے مطابق چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے پیر کو مشترکہ بیان میں کہا کہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی غزہ کے عوام کو پناہ گاہوں اور انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ صورتحال مکمل طور پر بہتر بنائی جا سکتی ہے اور سردیاں پوری طرح شروع ہونے سے پہلے اب بھی اقدامات کا وقت موجود ہے۔ وزرائے خارجہ نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ امداد کی فراہمی میں تاخیر فوری طور پر ختم کرے اور پورے غزہ میں انسانی امداد کی تیز رفتار، فوری اور بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنائے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ خیموں سمیت اہم امدادی سامان کی بڑی مقدار سرحد پر رکی ہوئی ہے اور اسے غزہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ بیان میں بتایا گیا کہ ڈیڑھ لاکھ خیمے سرحد پر موجود ہیں لیکن انہیں غزہ پہنچنے سے روکا جا رہا ہے۔