برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس کی مانچسٹر میں استقبالیہ کے دوران پاکستانی برادری سے ملاقات

168

اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے مانچسٹر میں ایک استقبالیہ کے دوران پاکستانی برادری سے ملاقات کی اور انہوں نے نوجوانوں کی تعلیم اور معاشرے کی ترقی کے حوالے سے خواتین کے کردار کو مزید موثر بنانے پر زور دیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق استقبالیہ تقریب کا مقصد ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستانی برادری کے ساتھ رابطوں کو فروغ دینا ہے۔ استقبالیہ تقریب میں ممبر پارلیمنٹ افضل خان، یاسمین قریشی، واجد خان، سجاد ترین، مانچسٹر کی شیرف ڈاکٹر روبینہ شاہ، او پی ایف بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک اور پاکستان کے قونصل جنرل عامر آفتاب قریشی نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ تقریب میں برطانیہ کے میئرز، کونسلرز، پروفیشنلز، مختلف کاروباری اداروں کے اعلیٰ حکام سمیت نوجوانوں اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔