اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) برطانوی ہائی کمیشن کی سیاسی سیکرٹری آئیوناتھامس نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے دیرینہ دوست کی حیثیت سے مختلف مذاہب کی آزادی اور بقائے باہمی کی ضمانت کی کوششوں کی حمایت رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اقلیتی دن کے موقع پر گول میز مباحثہ کے دوران کہی۔ ورچول گول میز مباحثہ کا اہتمام برطانوی ہائی کمیشن نے اقلیتی دن کے موقع پر کیا تھا۔ برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونسلر آئیونا تھامس کی زیرصدارت پروگرام میں سیاست، اکیڈمیا اور مذہبی امور کی دنیا کے متعدد ماہرین نے شرکت کی۔ آئیونا تھامسن نے کہا کہ برطانوی ہائی کمیشن کو پاکستان کے تمام مذہبی عقائد کے ارکان کے ساتھ رابطوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور آزادی مذہب پاکستان کے بانی محمد علی جناح کے وژن کا محور تھا۔ گول میز مباحثہ میں رکن جے یو آئی (ف) آسیہ ناصر، سابق پارلیمنٹیرین اور چیئرپرسن پاکستان کرسچن فورم، پارلیمنٹری سیکرٹری وزارت برائے انسانی حقوق رمیش سنگھ اروڑا، ممبر پنجاب اسمبلی اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ جینیفر جاگ جیون، کرسچن سٹڈی سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ندیم عباس نے شرکت کی۔