اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) برطانیہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ’رابطوں کے براہ راست چینل‘سمیت کرتار پور راہداری پر مشاورت اور ملٹری آپریشنز کی سطح پر رابطوں کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ٹویٹ کے جواب میں بدھ کو پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پاکستان اور بھارت کے مابین رابطوں کے براہ راست چینل کی بحالی کے حوالے کہا ہے کہ بہت بہتر، ہم رابطوں کے براہ راست چینل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔منگل کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کرتار پور راہداری سے متعلق معاہدے کے مسودے پر بات چیت کیلئے پاکستانی وفد 14مارچ کو نئی دہلی جبکہ بھارتی وفد 28مارچ کو اسلام آباد آئے گا۔بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود اسلام آباد میں مشاورت مکمل کرنے کے بعد نئی دہلی جائیں گے۔ پاکستان ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سطح پر ہفتہ وار رابطہ کیلئے پر عزم ہے۔