لاہور۔11جولائی (اے پی پی):اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پاکستان تحریکِ انصاف کے26 معطل ارکانِ اسمبلی سے متعلق نااہلی ریفرنس کے معاملے پر ایک اہم مشاورتی اجلاس سپیکر چیمبر پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اپوزیشن کے معطل ارکان، حکومتی نمائندگان اور دیگر پارلیمانی قائدین نے شرکت کی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے معطل ارکان کو شنوائی کا موقع فراہم کیا جبکہ اجلاس کے دوران حکومتی اراکین …
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت 26 معطل ارکانِ اسمبلی سے متعلق نااہلی ریفرنس کے معاملے پر مشاورتی اجلاس، حکومت و اپوزیشن کا مذاکرات جاری رکھنے اور سینئر ارکان پر مشتمل مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق

مزید خبریں
لاہور۔11جولائی (اے پی پی):اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پاکستان تحریکِ انصاف کے26 معطل ارکانِ اسمبلی سے متعلق نااہلی ریفرنس کے معاملے پر ایک اہم مشاورتی اجلاس سپیکر چیمبر پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اپوزیشن کے معطل ارکان، حکومتی نمائندگان اور دیگر پارلیمانی قائدین نے شرکت کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے معطل ارکان کو شنوائی کا موقع فراہم کیا جبکہ اجلاس کے دوران حکومتی اراکین کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر بھی باقاعدہ سماعت ہوئی۔
اس دوران حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے باہمی مذاکرات کے آغاز کی تجویز دی گئی،جسے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھرپور خیر مقدم کیا۔مشاورت کے عمل کو موثر بنانے کے لیے حکومت و اپوزیشن کی رضا مندی سے سینئر ارکانِ اسمبلی پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ مسئلے کاآئینی، قانونی اور پارلیمانی طریقے سے حل نکالا جا سکے۔
اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مذاکرات اور مشاورت پارلیمانی جمہوریت کی روح ہیں۔مثبت، باوقار اور آئینی طرز عمل کے ذریعے ہر اختلاف کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے اس مکمل عمل کو ایک مثبت پارلیمانی روایت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام جماعتیں عقل مندی،تحمل اور جمہوری اقدار کو مدِنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمانی لیڈرز کی اگلی میٹنگ اتوار کے روز پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوگی،جس کی صدارت اسپیکر خود کریں گے۔








