لندن ۔ 19 اپریل (اے پی پی) برطانیہ نے پاکستان اور نائجیریا کے لئے 140 ملین پاﺅنڈ کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان لندن میں کامن ویلتھ ہیڈز آف گورنمنٹ میٹنگ کے موقع پر کیا گیا۔ اس حوالے سے برطانوی حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی کنزیومر برانڈ یونی لیور پاکستان میں اپنی 4 نئی فیکٹریوں میں 86 ملین پاﺅنڈز کی سرمایہ کاری کرے گا ، اس کے علاوہ اینگلو ڈچ تیل کمپنی شیل 2020ءتک سی پیک کے ساتھ 100 نئے فیولنگ سٹیشن کے قیام پر 13 ملین پاﺅنڈز خرچ کرے گی۔ اس موقع پر برطانیہ کے وزیر تجارت نے کہا کہ نائجیریا اور پاکستان میں نئی سرمایہ کاریوں سے دولت مشترکہ کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں روزگار اور اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ دریں اثناءبرطانوی وزیر تجارت نے پاکستان کے وزیر تجارت پرویز ملک سے ملاقات کی، جس میں تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔