اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ و دولت مشترکہ آفس لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے کہا ہے کہ پاکستان دولت مشترکہ اور شیوننگ کیلئے بدستور اعلیٰ ترجیحی ممالک میں شامل ہے اور برطانیہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی سکالروں کی موجودگی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط سے اس امر کی بخوبی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار برطانوی ہائی کمشنرکی رہائش گاہ پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ برطانوی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ و دولت مشترکہ آفس لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی اور سینیٹر شیری رحمان سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے راولپنڈی میں دولت مشترکہ قبرستان میں گلدستہ رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے دورے کے دوران برطانیہ کے لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے برطانوی ہائی کمیشن میں منعقدہ استقبالیہ میں سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں برٹش کونسل ایکٹیو سیٹیزن پروگرام کے تحت ایک مجلس مباحثہ میں بھی شرکت کی ۔