برین ڈیزائنر پاکستان نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے اشتراک سے دوسرے پاکستان انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ ایوارڈز 2026 کا انعقاد کیا۔
برین ڈیزائنر پاکستان کا پی ٹی ڈی سی کے اشتراک سے دوسرے پاکستان انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ ایوارڈز 2026 کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):برین ڈیزائنر پاکستان نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے اشتراک سے دوسرے پاکستان انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ ایوارڈز 2026 کا انعقاد کیا۔ تقریب میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں، اراکین پارلیمنٹ، سفیروں، سفارتکاروں، صنعت سے وابستہ شخصیات، برانڈ مالکان، ممتاز کاروباری افراد، ہوٹل و ریسٹورنٹ انتظامیہ، شیفس، کاروباری شخصیات، سیاحت کے شعبے سے وابستہ نمائندوں، چیمبرز آف کامرس، اوورسیز پاکستانیوں، میڈیا نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد پاکستان کے فوڈ، ریسٹورنٹ، مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب سے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے برین ڈیزائنر پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور وزیراعظم یوتھ پروگرام برائے سیاحت و مہمان نوازی کے فوکل پرسن محمد رؤف راجہ نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کو سیاحت، سرمایہ کاری، ثقافت اور مہمان نوازی کے عالمی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لئے برین ڈیزائنر پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈز بہترین کارکردگی، جدت، معیار اور اعلیٰ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے نوجوان کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی، مہمان نوازی کی صنعت کے فروغ اور سفارتی سطح پر پاکستانی کھانوں کے ذریعے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کا آغاز "سیلیبریشن آف معرکہ حق و معرکہ محاسیت” کے عنوان سے خصوصی خراجِ تحسین کے ساتھ کیا گیا جس میں پاکستانی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور کامیابیوں کو سراہنے کے ساتھ ساتھ فوڈ، مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا اعتراف کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے پاکستان کے مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبوں کے فروغ کے لئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے سیاحت کے فروغ، مقامی کاروبار کی معاونت، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مہمان نوازی کی صنعت کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) آفتاب الرحمن رانا نے پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے پائیدار سیاحت، فوڈ ٹورازم اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لئے سرکاری و نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا شاہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھانے اور مہمان نوازی ملک کی ثقافت کے مؤثر سفیر ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں اور مہمان نوازی کے شعبے کے درمیان مضبوط روابط کی حوالہ افزائی کی۔ وزارت قومی ورثہ و ثقافت کی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کہا کہ پاکستان کی متنوع غذائی روایات اور ثقافتی ورثہ ملک کی اہم ترین خصوصیات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ایسی کاوشوں کو سراہا جو پاکستان کی متنوع غذائی ثقافت کے تحفظ و فروغ کے ساتھ سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دیتی ہیں۔
تقریب کے دوران معروف ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کیفے، فوڈ برانڈز، شیفز، مہمان نوازی کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات، سیاحتی اداروں اور صنعت سے وابستہ رہنماؤں کو ان کی شاندار کارکردگی، جدت اور خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا جنہوں نے پاکستان کے فوڈ اور مہمان نوازی کے شعبوں میں معیار کو بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔برین ڈیزائنر پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سیاحت، ثقافتی ورثے، کاروباری سرگرمیوں، بین الاقوامی شراکت داری، غذائی شعبے میں عمدگی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لئے ایسے پلیٹ فارمز کی تشکیل جاری رکھے گا تاکہ پاکستان کو سیاحت، سرمایہ کاری اور مہمان نوازی کے شعبوں میں ایک نمایاں عالمی منزل کے طور پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔








