راولپنڈی۔29جنوری (اے پی پی):بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا اور پورا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بری فوج کے سربرا ہ کو ایف سی بلوچستان ہیڈکوارٹر(جنوبی) میں موجودہ علاقائی سکیورٹی صورتحال، پاک ایران بارڈر پر باڑ لگانے اور بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی ملک دشمن عناصر کی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر ایک جامع بریفنگ دی گئی۔
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بلوچستان حکومت کی حمایت میں فوج کی جانب سے کیے گئے سماجی و اقتصادی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج پائیدار امن اور خوشحالی کے حصول کے لیے صوبائی حکومت کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ بعد ازاں بری فوج کے سربراہ نے کیچ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجیوں سے بات چیت کی۔ سبڈان ٹاپ کے شہدا کی ہمت اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےجنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہداءکا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن قوتوں کی جانب سے خلل ڈالنے والی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔قبل ازیں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا یہاں آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے استقبال کیا۔