بر ف باری کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے ، محکمہ موسمیات کا انتباہ

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پیر کی رات اور 27 جنوری کو بر ف باری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ،نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی …

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پیر کی رات اور 27 جنوری کو بر ف باری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ،نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ/برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔

اس دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بلوچستان، خیبرپختونخوا ،کشمیراور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرف باری کی توقع ہے۔اس دوران چند مقامات پر تیز بارش اور بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برف باری کا بھی امکان ہے۔

(کل )منگل کو خیبر پختونخوا ،کشمیر،گلگت بلتستان ، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور شمال مشرق بلوچستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفہ وقفہ سے بارش اور پہاڑوں پربر ف باری متوقع ہے اس دوران کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیز بارش اوردرمیانی سے شدید برف باری کا بھی امکان ہے ۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہا۔سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں قلات 41، دالبندین 18، زیارت 17،پسنی ،جیوانی 16، نوشکی 12، گوادر 11، کوئٹہ (شیخ ماندا، سمنگلی 10)، نوکنڈی، تربت، چمن 08، پشین 07، سبی 06، ژوب 05، پنجگور 02، خیبرپختونخوا میں چترال 09 اور بالائی دیرمیں 05 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

زیارت 09، قلات 6.8، کوئٹہ میں 0.7 انچ برف باری ریکارڈ ہوئی۔پیر کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی12،کالام ،زیارت منفی08، استور،گوپس ،پاراچنارمنفی 07، مالم جبہ ، قلات، راولاکوٹ منفی05 اور نتھیاگلی منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔