اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز دونوں مل کر جمہوریت سے بہترین انتقام لے رہے ہیں، پیسے سے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کرتے ہیں اور پھر جمہوریت کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔
منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پارٹیوں پر قابض ہونے والے اتنے اہل اور لائق ہوتے تو کارکن کے طور پر پارٹی میں آتے۔ موروثی سیاست کرنے والے اپنے بچوں کو قوم پر مسلط کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان کے نئے دھوکے میں نہیں آئیں گے، یہ چاہتے ہیں کہ لوٹ مار کا یہ کاروبار اسی طرح جاری رہے۔ قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کرپشن کی اس فرنچائز کا خاتمہ کرنا ہے یا انہیں لوٹنے کا لائسنس دیئے رکھنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محمد نواز شریف اگر ووٹ کی عزت پر یقین رکھتے تو پاکستان میں ہوتے، مولانا فضل الرحمان اپنے برخوردار نور چشمی کو اپنی گدی کے لئے تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قوم کو لوٹنے اور موروثی سیاست کرنے والوں کے راستے کی سب سے بڑی دیوار بن گئے ہیں۔