اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیر کو ژوب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران میجر علی رضا شاہ اورحوالدارنثاراحمدکی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو میجر علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد جیسے بہادر بیٹوں پر ناز ہے،
دھرتی ماں کی خاطر جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم کبھی نہیں بھولے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے شہید میجر علی رضا اور حوالدار نثار احمد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیااور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی،انہوں نے آپریشن کے دوران پانچ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دی اور کہا کہ ہم اپنے وطن کے خلاف اٹھنے والے ہاتھ توڑ دیں گے اور اس کی جانب اٹھنے والی میلی آنکھ کو پھوڑ دیں گے۔