بلاول بھٹو زرداری کا بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے 148ویں یوم پیدائش پر زبردست خراج عقیدت

66
Bilawal Bhutto Zardari
Bilawal Bhutto Zardari

کراچی۔ 24 دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے 148ویں یوم پیدائش پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ منگل کو میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے قائداعظم کی بے مثال بصیرت، قیادت، اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے ان کی انتھک جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے اصول "اتحاد، یقین، تنظیم” ہر پاکستانی کے لیے رہنمائی کا مینار ہیں۔

ان کا جمہوری، جامع اور خوشحال پاکستان کا خواب ایک ایسا مشن ہے جسے ہمیں بطور قوم پورا کرنا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد کے نظریات پر عمل پیرا ہونے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک میں برداشت، انصاف، مساوات اور جمہوریت کے اصولوں کو عین ان کی روح کے مطابق زندہ رکھنا انتہائی ضروری ہے، جیسا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تصور کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے مظلوموں کے حقوق کے لیے جمہوری اور پرامن جدوجہد کی۔

ان کی اقدار ہماری قومی شناخت کی بنیاد ہیں اور ان کی زندگی استقلال اور حب الوطنی کا ایک لازوال سبق ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائداعظم کے ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے وژن کو حقیقت بنانے کے لیے اپنی کوششوں میں پُرعزم ہے۔ انہوں نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آئیے آج اس اہم دن کے موقع پراس عزم کا اعادہ کریں کہ پاکستان کو قائد کے نظریات کا حقیقی عکس بنائیں گے۔