بلاول زرداری حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بجائے سندھ کے عوام کے لئے کچھ کریں،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل

182

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول زرداری حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بجائے سندھ کے عوام کے لئے کچھ کریں، 13 سالوں سے سندھ کے عوام انکے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں، سندھ میں غربت، بےروزگاری انتہا پر ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روٹی، کپڑا مکان کی آڑ میں کرپشن کو دوام بخشا اور جعلی اکاونٹس بنائے، کراچی سمیت پورے سندھ میں بھی آج 20کلو آٹے کا تھیلا 1400 سے 1500روپے میں مل رہا ہے، حکومت نام کی چیز نظر نہیں آرہی۔

پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کو ٹینکر مافیا، گرانفروش اور ذخیرہ اندوز مافیا کے حوالے کردیا ہے، آج پاکستان جن بیرونی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے اسکی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہے، آج دنیا میں کھانے پینے کی اشیاء میں 40 فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے،وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو ہرممکن ریلیف اور سہولیات فراہم کیں جائیں، عالمی سطح پر گزشتہ دنوں 15 فیصد اضافہ ہوا ۔

ہم نے اپنے ٹیکسز میں بتدریج کمی کرکے پورا بوجھ عوام تک منتقل نہیں ہونے دیا، وزیراعظم عمران خان ،نوجوانوں جوکہ مجموعی آبادی کے 60 فیصد ہیں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام ،ہنر مند جوان اور کامیاب پاکستان پروگرام متعارف کرایا۔

اتوار کو کا بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئے تھے تو اپوزیشن کہتی تھی کہ ابھی تک حکومت آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئی۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدن گھروں کا منصوبہ ان لوگوں کے لئے ہے جو آج تک چھت سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کا میڈیا اور عدلیہ پر برسنا سمجھ سے بالا تر ہے،انکے مطابق جو میڈیا گن گائے اور عدالتیں حق میں فیصلہ دیں وہ ٹھیک ،باقی سب غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک گیر سطح پر یکساں نظام تعلیم رائج کیا، اس پر بھی تنقید کرنے والے تعلیم دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس انکو ہضم نہیں ہورہی ، انہوں نے ہمیشہ غنڈا فورس تیار کیں جو انکے ذاتی مفادات کے تحفظ پر مامور ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کی دعوت دی تھی یہ لوگ جو سیٹ جیت جائیں وہ شفافیت اور جو ہار جائیں وہ دھاندلی کے نعرے لگاتے ہیں ۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پی پی پی کے اراکین پارلیمنٹ،ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی راہنما سندھ سے بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کے خلاف تحریک کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے کرپشن کی انتہا کی تھی، انھیں ہر گھنٹے بعد بھی طلب کیا جائے تو بھی کم ہے۔