بلغاریہ کے سفارتخانے میں خاتون مصور کے فن پاروں کی نمائش، یورپی سفیروں، ثقافتی شخصیات اور اعلیٰ حکام کی شرکت

72

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):پکی میزبانی میں اسلام آباد میں بلغاریہ کے سفارتخانے میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں بلغاریہ کی خاتون مصور کے فن پاروں کو پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ محمد ایوب تھے۔تقریب میں چیئرمین پاکستان کلچرل فورم ظفر بختاوری، پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل ایوب جمالی، یورپی ممالک کے سفراء، فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات، دانشوروں، طلبہ اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر بلغاریہ کی سفیر ارینا گانچوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کی عمدہ کاوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ فن مصوری ایک عالمی زبان ہے جو قوموں کو قریب لاتی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں فن و ثقافت سے وابستہ افراد کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان کی ثقافت اور یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی نے انہیں بے حد متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فن پارے نہ صرف بلغاریہ کی جمالیاتی اقدار کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ وہ انسان کے جذبات، فطرت، اور تہذیبوں کے باہمی تعلق کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔نمائش کے شرکا نے فن پاروں کو بھرپور سراہا اور کہا کہ اس قسم کی تقریبات پاکستان کے مثبت اور ثقافتی چہرے کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔