کوئٹہ۔ 21 دسمبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ دونوں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان تعاون سے ہی شعبہ صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔یہ بات انہوں نے کراچی میں نگران صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد نیاز سے انکے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی ۔
اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ سندھ اور ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔نگران صوبائی وزیر صحت بلوچستان نے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان صحت کی صورت حال میں تعاون کے لیے ایک مشترکہ منصوبہ کے تحت ملکر کام کرنا چاہیئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے حوالے سے بڑے کامیاب پراجیکٹ چل رہے ہیں ان پراجیکٹ اور تجربات سے بلوچستان بھی استفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے ۔
انہوں نے وزیر صحت سندھ سے کہا کہ حکومت سندھ کے ساتھ بڑے بڑے پبلک پارٹنر شپ ڈونرذ جو کام کر رہے ہیں ان کو بلوچستان میں بھی کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بلوچستان میں صحت کے نظام کو راہ راست پر لانے کیلئے ہم نے ایک روڈ میپ تیار کیا ہے اور اس وقت روڈ میپ پر مکمل عملدرآمد بھی ہو رہا ہے۔
انہوں نے کراچی کے دیگر ہسپتالوں کو بھی بلوچستان صحت کارڈ کے پینل میں شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کے ہسپتال بلوچستان صحت کارڈ کے پینل میں شامل ہو جائیں تو اس سے بلوچستان کے غیور عوام کو صحت کے حوالے سے بہت زیادہ فائدہ ہوگا جس پر صوبائی وزیر صحت سندھ سعد نیاز نے حکومت سندھ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔