بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی پراپرٹی ڈویلپرز اور پروموٹرز کو رجسٹریشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت

بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی پراپرٹی ڈویلپرز اور پروموٹرز کو رجسٹریشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت

کوئٹہ۔ 16 جون (اے پی پی):بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) نے صوبہ بھر میں خدمات فراہم کرنے والے پراپرٹی ڈویلپرز اور پروموٹرز کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ تاحال رجسٹرڈ نہیں ہیں تو فوری طور پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔اتھارٹی کے مطابق پراپرٹی ڈویلپرز اور پروموٹرز کی جانب سے خریدی گئی یا لیز پر حاصل کردہ زمین کو رہائشی یا تجارتی پلاٹس میں تبدیل کرنے کی خدمات پر فی مربع گز 100 روپے سیلز ٹیکس لاگو ہوگا۔

رہائشی یا تجارتی یونٹس کی تعمیراتی خدمات پر فی مربع فٹ تعمیر شدہ کورڈ ایریا 50 روپے سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔بی آر اے نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ شعبے کیلئے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ یا ایڈجسٹمنٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔اتھارٹی کے مطابق تمام پراپرٹی ڈویلپرز اور پروموٹرز کیلئے لازم ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن کروائیں، مقررہ مدت کے اندر ٹیکس ریٹرنز فائل کریں اور واجب الادا ٹیکس جمع کرائیں۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی کے تمام مراحل کو مکمل طور پر آن لائن اور ڈیجیٹل بنا دیا ہے تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

بی آر اے نے خبردار کیا ہے کہ ٹیکس قوانین کی عدم تعمیل کی صورت میں قانون کے مطابق نوٹسز کے اجراء ، جرمانوں، بینک اکاؤنٹس کی اٹیچمنٹ اور دیگر قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اتھارٹی نے تمام پراپرٹی ڈویلپرز اور پروموٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔