کوئٹہ۔ 20 دسمبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈاتھارٹی نےحفظان صحت کے اصولوں کے منافی تین ملک شاپس،ایک ڈیری فارم کے مالک جبکہ 7 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ جان محمد روڈ اور ائرپورٹ روڈ پر ڈیری فارم مالک کے پاس فوڈ بزنس لائسنس موجود نہیں تھا جبکہ ملک شاپس سے ملک سیمپلز کی ٹیسٹنگ پر دودھ/دہی میں سکمڈ ملک پاوڈر مکس کرنے پر تین دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کوئٹہ کے سرکی روڈ، اختر محمد روڈ اور جان محمد روڈ پرایک نمکو کارخانہ اور 2 سموسہ پٹی پراسیسنگ یونٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے تینوں مراکز مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر دئیے۔ مذکورہ سموسہ پروڈکشن یونٹس کے خلاف الگ الگ وجوہات صفائی ستھرائی کے ناقص ترین انتظامات ، ناقص کوکنگ آئل کے استعمال ، سورج کی روشنی و غیر صحت بخش حالات میں سموسہ پٹیاں ذخیرہ کرنے پر ایکشن لیا گیا جبکہ نمکو کارخانہ میں اسٹوریج کا نظام خراب ، ورکرز کی ذاتی صفائی کے حالت ناگفتہ بہ ، یونٹ میں کیڑے مکوڑوں کی روک کیلئے انتظامات ناکافی جبکہ فائنل پراڈکٹس بغیر مینوفیکچرنگ وزائد المعیاد تاریخ پائی گئیں۔
دوران معائنہ 2 پروڈکشن یونٹس کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے.