کوئٹہ۔ 12 فروری (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ اور پنجگور میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 2ڈیپارٹمنٹل سٹورز سمیت 18دکانداروں کو جرمانہ کردیا۔ بدھ کے روز بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ہزارہ ٹائون کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے 2ڈیپارٹمنٹل سٹورز سے زائد المعیاد خوردنی اشیا کی بڑی مقدار برآمد کرلی۔ سٹورز سے پکڑی گئی ایکسپائرڈ مصنوعات میں بسکٹ، ٹیٹرا پیک دودھ ، نوڈلز ، کافی، چائے کی پتی اور بچوں کے کھانے کی مختلف اشیا شامل ہیں مذکورہ زائد المعیاد اشیا ضبط کرکے ڈیپارٹمنٹل سٹور مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر دیئے گئے۔
انسپیکشن کے دوران 2 فاسٹ فوڈ پوائنٹس کو لائسنس کی عدم دستیابی پر جرمانہ جبکہ 1 پکوان ہاس کے خلاف پکوان میں غیر فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال اور مجموعی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ناقص رنگ ضبط کر کے مالکان کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دیئے۔اسی طرح سمنگلی روڈ پرہوٹلوں اور جنرل اسٹورز میں عوام کو فروخت کی جانے والی اشیا کے بہتر معیار کو یقینی بنانے اور ناقص مصنوعات کے خاتمے کیلئے سمنگلی روڈ میں اتھارٹی ٹیم کی انسپیکشن کی گئی اورپکوان میں ناقص رنگوں اور ممنوعہ چائنیز نمک کی آمیزش ، کچن میں گندگی ، اشیا اسٹوریج کے ناقص انتظامات سمیت مختلف وجوہات پر 2 ریسٹورنٹس جبکہ ممنوعہ خوردنی مصنوعات رکھنے پر 2 جنرل اسٹورز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے جرمانہ عائد کیا گیا،
علاوہ ازیں گزشتہ تنبیہ و نوٹسز کے باوجود فوڈ بزنس لائسنس نہ بنوانے پر 3 دیگر خوراک کے مراکز مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جس دوران ناقص رنگ و پابندی عائد اشیا ضبط کرلیے،کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں شہریوں کو ملاوٹ زدہ اور غیر صحت بخش دودھ دہی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ،دودھ اور دہی میں خشک پاڈر و پانی کی مکسنگ پر 2دکاندار وں پرجرمانہ عائد کیاگیا جبکہ ناقص دہی کی بڑی مقدار تلف کی گئی ۔قبل ازیں دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے متعدد دکانوں سے نمونے اکھٹے کیے گئے ، دودھ اور دہی کی جانچ کیلئے نمونوں کی آن دی اسپاٹ ٹیسٹنگ کی گئی اورموبائل لیب رپورٹس میں 2 دکانوں کا دودھ اور دہی ملاوٹ زدہ ثابت ہوا ۔
کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں ملک شاپس ہوٹلوں اور بیکریوں میں دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیم کی سریاب میں خصوصی انسپیکشن کی گئی ۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کاسی روڈ پر دکانوں میں گندگی اور گوشت گرد و غبار میں لٹکانے سمیت مختلف وجوہات پر کاسی روڈ میں پولٹری/ میٹ شاپس کے خلاف کریک ڈائون کیا اور5گوشت کے دکاندارروں پرجرمانے عائد کئے ۔
کم وزن نان کی فروخت پر 1 نان شاپ جبکہ ایکسپائرڈ مصالحے ،کیچپ اور ممنوعہ چائنیز نمک کی فروخت پر 1 مصالحہ شاپ کے خلاف بھی ایکشن لیاگیا اورایکسپائرڈ پیکٹ مصالحے ،کیچپ اور چائنیز نمک کی بڑی مقدار ضبط اورلائسنس کے بغیر خوراک کے کاروبار پر 2 دیگر دکاندار بھی جرمانہ عائد کیاگیا۔قصابوں کو دکانوں میں صفائی کی صورتحال بہتر کرنے ، گوشت اسٹوریج کے مناسب انتظامات اور کٹنگ اوزار کی ایس او پیز کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔