بلوچستان میں سی پیک کے 9 سڑک منصوبوں پر 163 ارب روپے سے زائد خرچ
بلوچستان میں سی پیک کے 9 سڑک منصوبوں پر 163 ارب روپے سے زائد خرچ
اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 2022-23 سے 2026-27 کے دوران بلوچستان کے مغربی زون میں زیر تعمیر چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 9سڑک منصوبوں کے لئے 310 ارب روپے سے زائد مختص کئے جبکہ اب تک ان منصوبوں پر 163 ارب 17 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 9منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 310 ارب 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے جبکہ جاری کردہ اور خرچ کی گئی رقم 163 ارب 17 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔دستاویزات کے مطابق سب سے بڑی رقم 82 ارب 60 کروڑ روپے قومی شاہراہ این-25 کے 330 کلومیٹر طویل خضدار۔کوئٹہ (کچلاک) سیکشن کے لئے مختص کی گئی ،جس پر اب تک 40 ارب 67 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔اسی شاہراہ کے 187 کلومیٹر طویل کرارو-وڈھ اور کچلاک-چمن سیکشن کے لئے 81 ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ اس منصوبے پر 25 ارب 29 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔این-25 کے 273 کلومیٹر طویل کراچی-کرارو اور وڈھ-خضدار سیکشن کے لئے 63 ارب روپے مختص کئے گئے جن میں سے 33 ارب 54 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔ایم-8 موٹروے کے منصوبوں میں 168 کلومیٹر طویل آواران-نال سیکشن کے لئے 26 ارب 3 کروڑ روپے مختص کئے گئے جبکہ اس پر 20 ارب 2 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔اسی طرح 146 کلومیٹر طویل ہوشاب-آواران سیکشن کے لئے 14 ارب 79 کروڑ روپے مختص کئے گئے جن میں سے 9 ارب 40 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔دیگر منصوبوں میں 103 کلومیٹر طویل نوکنڈی-ماشخیل روڈ شامل ہے جس کے لئے 7 ارب 84 کروڑ روپے مختص کئے گئے جبکہ 6 ارب 90 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔این-25 پر واقع 22.7 کلومیٹر طویل کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس کے لئے 6 ارب 91 کروڑ روپے مختص کئے گئے جن میں سے 5 ارب 95 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔این-30 کے 106 کلومیٹر طویل بسیمہ-خضدار سیکشن کے لئے 13 ارب 55 کروڑ روپے مختص کئے گئے جبکہ اس پر 12 ارب 97 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔اسی طرح این-50 کے 298 کلومیٹر طویل ژوب۔کچلاک سیکشن کے لئے 14 ارب 58 کروڑ روپے مختص کئے گئے جن میں سے 8 ارب 43 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پی ایس ڈی پی 2022-23 سے 2026-27 کے دوران بلوچستان کے مغربی زون میں سی پیک کے ان 9سڑک منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 310 ارب 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے جبکہ 163 ارب 17 کروڑ روپے جاری یا خرچ کئے جا چکے ہیں۔








