اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کی پسماندگی کا خاتمہ اور ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،وزیراعظم عمران خان کا ان منصوبوں پرشکریہ ادا کرتے ہیں۔ہفتے کو یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیزکے مطابق ڈپٹی سپیکر نے کوئٹہ سے زوب تک ڈبل کیرج روڈ، گوادر ایئر پورٹ ، بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس اور کارڈیک سنٹر کے افتتاح کو ایک تاریخی قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں کاروباری سر گرمیوں میں اضافہ ،روزگار کے مواقع پیدا اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہو گی۔انہوں نے گوادر سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے تفتان تک ریلوے لائن بچھانے، کراچی سے گوادر تک سیری سروس اور دیگر ترقی منصوبوں کے اجراءکو بھی سراہا،انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے اجراءکا اعلان وزیراعظم کی صوبے کے عوام سے گہری وابستگی کا اظہار ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ اور صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند کر نا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ماضی میں بلوچستان کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں گئی اور جان بوجھ کر صوبے کو پسماندہ رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بلوچستان کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اوران کی طرف سے میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اس بات کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نا صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔