بلوچستان میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی ،ایک دہشت گرد ہلاک

102

راولپنڈی۔24فروری (اے پی پی):بلوچستان میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 24 فروری کو بلوچستان کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لئے آپریشن کیا جو ملحقہ قبائلی اضلاع میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

جب سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو ایک غار میں چھپے دہشت گردوں نے بھاگنے کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ شدید فائرنگ کے تبادلہ میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔ اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک ذخیرہ بھی برآمد ہوا جسے دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے خلاف استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں پاکستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔