بلوچستان میں 5067 پولنگ اسٹیشنز میں سے 2055 کو حساس ترین اور 2280 کو حساس قرار دیا گیا ہے، نگران صوبائی وزیر داخلہ میر زبیر خاں جمالی

94
Mir Zubair Khan Jamali
Mir Zubair Khan Jamali

کوئٹہ۔ 22 جنوری (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر داخلہ میر زبیر خاں جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت عام انتخابات کے پرامن انعقادکو یقینی بنانے کے لیےموثر حکمت عملی کے تحت صوبے بھر میں انتظامات اور تیاریوں کے لیے امن وامان کے قیام پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھاڈر میں سید خورشید شاہ دوپاسی کی اہلیہ اور ضیاء خورشیددوپاسی کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی اور تعزیت کے بعد مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنرکے حکم اور الیکشن کمیشن کے شیڈول کے تحت صوبے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پولنگ اسٹیشنوں کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے ، بلوچستان میں کل 5067 پولنگ اسٹیشنز میں سے 2055 حساس ترین جبکہ 2280 کو حساس اور 832 پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے جن میں شہری علاقوں میں پولیس اور دیہی علاقوں میں لیویز فورس تعینات ہوگی ، اس کے علاوہ ایف سی اور پاک آرمی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جس کے لیے نزدیکی کچھ پولنگ اسٹیشنز کے حساب سے سول فورسز کی مدد کے لیے ایف سی اور آرمی کے دستے تعینات کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک صاف شفاف اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی طرف گامزن ہے ، عوام 8 فروری کو الیکشن کے لیے تیار رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں نصیرآباد ڈویژن میں الیکشن کے دوران امن وامان اور حفاظتی انتظامات کے جائزہ کے لیے اعلی سطحی اجلاس منعقدہوا تھا جس میں تمام انتخابی حلقوں کی صورت حال کو مدنظر رکھ کراہم فیصلے کیے گئے ۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو یکساں سیکورٹی دینے کے لیے تیار ہے ، اگر کسی کو اس بارے میں کوئی خدشات ہیں تو وہ محکمہ داخلہ کو آگاہ کرے تو حکومت انھیں مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی ، حکومت تمام ووٹرز کی حفاظت اور ہر قسم کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ غیر جانبدارانہ انتخابات کے پرامن انعقادکو یقینی بنایا جائے ۔

اس سے قبل دوپاسی ہاوس ڈھاڈر میں سید خورشید شاہ دوپاسی کی اہلیہ اور سید نصیر شاہ دوپاسی ایم سی ڈھاڈر کے چیئرمین سید فرید شاہ دوپاسی کی پھوپھی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔