بلوچستان کے تمام دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں ، میر علی مردان خان ڈومکی

139
میر علی مردان خان ڈومکی

کوئٹہ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام دور افتادہ علاقوں میں ذرائع مواصلات صحت تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں ہماری کوشش ہے کہ دستیاب وقت میں عوام کی فلاح کے لئے ایسے قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں

جن کے ثمرات عوام تک پہنچیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عوام کی ایک بڑی تعداد نے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کو اپنے مسائل سے متعلق آگاہ کیا اور درخواستیں پیش کیں ،نگران صوبائی وزراء میر دانش لانگو ، آصف الرحمٰن دمڑ بھی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ لہڑی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے وہ منصوبے جو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منظور شدہ ہیں اور فنڈز کے عدم اجراء کے باعث تعطل کا شکار ہیں ان پر بلا تاخیر کام شروع کر دیا جائے فنڈز کی ریلیز صوبائی حکومت یقینی بنائے گی۔ قبل ازیںانہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کا دورہ کیا اور اسکول کی عمارت کی خستہ حالی پر اظہار برہمی کیا اور پی ایس ڈی پی کے تحت منظور شدہ اسکیمات میں تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت مختص فنڈز کے اجراء کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے ہدایت کی بوائز ہائی سکول میں سائنس اور کمپیوٹر لیب میں ضروری سامان فراہم کرکے فعال کیا جائے۔

انہوں نےلہڑی آر ایچ سی کا بھی دورہ کیا اور رورل ہیلتھ سنٹر میں یونیسیف کی معاونت سے مکمل ہونے والے مرمتی و تزئین کے منصوبے کا افتتاح کیا اس موقع پر سیکرٹری صحت بلوچستان اسفندیار کاکڑ اور ڈائریکٹر جنرل صحت نور قاضی نے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو لہڑی میں دستیاب صحت کی سہولیات سے متعلق بریفگنگ دی اور بتایا کہ آر ایچ سی لہڑی میں ضروری طبی مشینری اور ادویات فراہم کردی گئی ہیں ۔