بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔4ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران 12 دہشت گردو ں کو ہلاک کر د یا ۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق 2 ستمبر کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی ‘فتنہ الہندوستان’ سے منسلک دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی ۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی اور نگرانی کی گئی اور سکیورٹی فورسز نے فوری ‘سرجیکل ایکشن’ کے ذریعے اسے تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ تمام 12دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اسلحہ کا ذخیرہ اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات بھی موقع پر ہی تباہ کر دیئے گئے۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لئے تلاشی اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے "عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی بھرپور مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔