بلوچستان کے میڈیا نے مشکل حالات کے باوجود مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ،وزیراعلیٰ بلوچستان کاہائوسنگ سکیم افتتاحی تقریب سے خطاب

کوئٹہ۔ 29 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے میڈیا نے ہمیشہ مشکل حالات کے باوجود مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، ان کے رہائشی مسائل کے مستقل حل اور میڈیا کے پیشہ ورانہ کردار کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ کوئٹہ کے شہید صحافیوں کے لیے مفت پلاٹس دیے …

کوئٹہ۔ 29 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے میڈیا نے ہمیشہ مشکل حالات کے باوجود مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، ان کے رہائشی مسائل کے مستقل حل اور میڈیا کے پیشہ ورانہ کردار کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ کوئٹہ کے شہید صحافیوں کے لیے مفت پلاٹس دیے جائیں گے اور ان کے بچوں کی تعلیم کا بندوبست کیا جائے گا۔ ہائوسنگ سکیم کیدو کیٹیگریز ہیں، چھوٹے پلاٹس کم تنخواہوں والے صحافی ورکرز کے لیے مفت ہوں گے جبکہ اے کیٹیگری کے پلاٹس قسطوں پر دیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو سرہ خولہ میں جرنلسٹ ویلفیئر ہائوسنگ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات میر سلیم احمد کھوسہ، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری حاجی ولی محمد نورزئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری تعمیرات لعل جان جعفر، کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار، مجیب احمد، رضا الرحمان، عبد الخالق رند، ایوب ترین، شاہد رند، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نور کھیتران، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی و دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے میڈیا نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہےدنیا تیزی سے بدل رہی ہے لیکن اسی رفتار سے میڈیا کی کریڈیبلیٹی بھی متاثر ہوئی ہے۔ پرنٹ کے بعد الیکٹرانک اور اب سوشل میڈیا کا دور ہے، لیکن محسوس ہوتا ہے کہ لوگ دوبارہ اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کی طرف رجوع کر رہے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات کا پھیلا ئو بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اخبارات کو چاہیے کہ وہ اپنے مضبوط سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بنائیں، کیونکہ صوبے میں ڈیجیٹل سپیس بہت کم ہے۔ صحافیوں کی جانب سے پلاٹس کا مطالبہ کیا گیا تھا اور یہ حقیقت ہے کہ کیمرے کے پیچھے کھڑے دوست مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ ماضی میں صحافیوں کو خالی فائلیں دی گئیں، لیکن ہم وعدوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ایک غریب شخص کے بیٹے کو اغوا کیا گیا، اس کی انگلیاں کاٹ دی گئیں اور آنکھ نکال دی گئی، اور باپ کے غریب ہونے کی وجہ سے اسے قتل کردیا گیا۔ ایسے واقعات ظلم کی انتہا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹویٹر سردار کہتا ہے کہ میں جنگ کا فائدہ اٹھا رہا ہوں، حالانکہ میرے 280 لوگ شہید ہوئے اور میں 280 بیوائوں کی کفالت کر رہا ہوں۔ اصل فائدہ تو وہ لوگ اٹھا رہے ہیں جو ترقی و امن کے مخالف ہیں، کیونکہ ترقی سے ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ مظلوم کے ساتھ اور ظالم کے خلاف رہا ہوں اور رہوں گا، چاہے کوئی بھی قربانی دینی پڑے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کوئٹہ کے شہید صحافیوں کومفت پلاٹس دیے جائیں گے اور ان کے بچوں کی تعلیم کا بندوبست کیا جائے گا۔ ہائوسنگ سکیم کے دو کیٹیگریز ہیں چھوٹے پلاٹس صحافی ورکرز کے لیے مفت ہوں گے جبکہ اے کیٹیگری کے پلاٹس قسطوں پر دیے جائیں گے۔ گرائونڈ پر کام آج سے شروع ہو رہا ہے اور جنوری 2027 تک پلاٹس صحافیوں کے حوالے کر دی جائیں گی۔انہوں نے صحافیوں سے درخواست کی کہ وہ سچائی پر مبنی صحافت جاری رکھیں۔ متوسط اور ورکر صحافیوں کو ان کا پورا حق دیا جائے گا اور کسی کو ان کا حق مارنے نہیں دیا جائے گا۔

کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید نے وزیر اعلی بلوچستان اور صوبائی وزرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 35 سال پرانی ہاسنگ سکیم کا دیرینہ خواب آج پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر وقت میں وہ کام کر دکھایا جو 35 سال میں بھی نہیں ہو سکا۔ صحافیوں کے لیے ہائوسنگ سکیم ایک بڑا تحفہ ہے کیونکہ صحافی معاشی طور پر کمزور طبقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروفیشنل میڈیا ہی حقیقی مسائل اجاگر کرتا ہے اور ہم بلیک میلنگ پر یقین نہیں رکھتے۔ وزیر اعلی نے میڈیا اکیڈمی کے لیے فنڈز بھی فراہم کیے اور پریس کلب کی گرانٹ میں اضافہ کیا، جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے اس بات پر کہ بلوچستان حکومت میڈیا کے ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کریگی کی تائید کرتے ہیں۔ جو وعدے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا کے ساتھ کئے اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ میڈیا مثبت کردار کے ساتھ حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

مزید خبریں