بلوچستان ہیلتھ کیئرکمیشن کا کریک ڈائون، غیر معیاری طبی مراکز پر جرمانے، ایک حجامہ مرکز سیل
بلوچستان ہیلتھ کیئرکمیشن کا کریک ڈائون، غیر معیاری طبی مراکز پر جرمانے، ایک حجامہ مرکز سیل

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی)کی ٹیم نے کوئٹہ کے میکونگی روڈ اور کاسی روڈ پر فیلڈ انسپکشن کے دوران 5 طبی مراکز کا معائنہ کیا جن میں سے مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک حجامہ مرکز سیل کردیا گیا۔بلوچستان ہیلتھ کیئرکمیشن کے فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ نے ’’اے پی پی ‘‘ کوبتایاکہ بی ایچ سی سی کے مطابق معائنہ کیے گئے مراکز میں ایک جنرل پریکٹیشنر کلینک، 2 ڈینٹل کلینکس اور 2 حجامہ مراکز شامل تھے۔
کارروائی بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019، متعلقہ قوانین و ضوابط اور طبی خدمات کے مقررہ معیارات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔معائنے کے دوران ایک جنرل پریکٹیشنر کلینک اور ایک ڈینٹل کلینک کو جرمانہ کیا گیا، ایک حجامہ مرکز کو سیل کرکے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دوسرے حجامہ مرکز کو بھی جرمانہ کیا گیا۔ ایک ڈینٹل کلینک کو بی ایچ سی سی ایکٹ، متعلقہ قوانین اور انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (IPC) کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا۔
فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق بی ایچ سی سی کی ٹیموں نے کوئٹہ میں مختلف طبی مراکز، لیبارٹریوں اور نرسریوں کے اچانک دورے بھی کیے۔ اس دوران طبی سہولیات، انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول، صفائی و حفظان صحت، مریضوں کے تحفظ، سروسز کی فراہمی اور ریکارڈ و دستاویزات کا جائزہ لیا گیا۔مانیٹرنگ کے دوران مختلف مراکز میں خامیوں اور ضابطوں کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جس پر متعلقہ مالکان اور انتظامیہ کو خامیوں سے آگاہ کیا گیا۔
ضرورت کے مطابق شوکاز نوٹس اور وارننگ لیٹرز بھی جاری کیے گئے جبکہ متعلقہ اداروں کو اصلاحی اقدامات اور بی ایچ سی سی ایکٹ، قوانین و ضوابط اور مقررہ طبی معیارات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔بی ایچ سی سی کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، کلینیکل گورننس کے استحکام، مریضوں کے تحفظ اور ہر قسم کے عطائیت کے خاتمے کے لیے فیلڈ انسپکشن اور قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔








