33.2 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومزرعی خبریںبمپر کراپ کے حصول کیلئے گندم کی کاشت کے وقت بیج کے...

بمپر کراپ کے حصول کیلئے گندم کی کاشت کے وقت بیج کے اگاؤ کی شرح 85 فیصد سے کم نہ ہو،ڈائریکٹر زراعت

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ گندم کی کاشت 15نومبر تک مکمل اور بیج کی شرح 50کلوگرام جبکہ 21نومبر کے بعد 60کلوگرام فی ایکڑ رکھی جا ئے اور بیج کے اگاؤ کی شرح 85 فیصد سے کم نہ ہو بصورت دیگر شرح بیج میں مناسب اضافہ کر لیاجائے۔ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کاشتکاروں سے کہا کہ گندم کی اچھی اور بہتر پیداوار کے عوامل کی درجہ بندی میں منظور شدہ قسم کے خالص، صاف ستھرے، صحتمند اور بیماریوں سے پاک بیج کا درجہ پہلے نمبر پر ہے۔انہوں نے بتایاکہ گندم کی مختلف بیماریوں میں کنگی، کانگیاری، کرنال بنٹ اور اکھیڑا وغیرہ پیداوار میں نقصان کا باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار بوائی کیلئے بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کاانتخاب کریں اوران پر مؤثر قابو پانے کیلئے بیج کو بوائی سے پہلے زرعی ماہرین کے مشورہ سے زہر لگائیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بوائی سے2 دن پہلے کھادوں کی سفارش کردہ پوری مقدار کھیت میں بکھیرکر 2مرتبہ عام ہل چلائیں اور بھاری سہاگہ دیں تاکہ وتر زمین کی اوپر والی تہہ میں آ جائے اور بذریعہ ڈرل گندم کاشت کریں۔ انہوں نے کہاکہ تمام کھاد بیجائی سے پہلے زمین کی تیاری کے وقت ڈالیں کیونکہ اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا مناسب اور متناسب استعمال ضروری ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایاکہ فاسفورس گندم کیلئے ایک اہم غذائی عنصر ہے جوجڑوں کو لمبا، تنے کو مضبوط، دانے کو موٹا کرتی اور متعدد بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت فراہم کرتی ہے لہٰذا گندم کیلئے نائٹروجن اور فاسفورس کے استعمال کی نسبت تقریباً.5 1:1 یعنی ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ڈیڑھ بوری یوریا رکھی جائے کیونکہ فاسفورس کم استعمال کرنے کی وجہ سے پودا نرم اور زیادہ سبز ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے فصل کے گرنے اور اس پر بیماریوں کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتاہے نیز فصل کے پکنے میں تاخیر ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر نائٹروجن اور فاسفورس کا تناسب صحیح رکھا جائے تو پیداوار میں 5سے10 من فی ایکڑ اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی بھر پور کاشت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ اہلکاروں کو کسانوں کی مکمل رہنمائی کی ہدائت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام زراعت افسران اور فیلڈ اسسٹنٹس گذشتہ سال کی طرح گندم کی کاشت کے رہنما اصولوں سے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کو روشناس کروانے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور چونکہ موجودہ ایام گندم کی بوائی میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لہٰذا اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر افسران کو ہدائت کی گئی ہے کہ وہ بیماری سے پاک صحت مند اور تصدیق شدہ بیج زہر لگا کر بذریعہ ڈرل اس کی کاشت پر زور دیں۔

اس کے علاوہ سفارش کردہ اقسام، ان کی مقررہ وقت پر کاشت اور شرح بیج کی جانب بھی کاشتکاروں کی خصوصی توجہ مرکوز کروائیں۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے فیصل آبا دڈویژن سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کو گندم کی کاشت کا جو ہدف دیا گیا ہے اسے ہر صورت پورا کرنے کی بھی ہدائت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گندم کی بھرپور کاشت کے سلسلہ میں محکمہ زراعت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیاگیاہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے فیصل آبادسمیت تمام اضلاع کے محکمہ زراعت کے حکام کو ہدائت کی ہے کہ وہ زمینداروں، کاشتکاروں،کسانوں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت پر آمادہ کرنے سمیت انہیں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ بوائی کی مہم کو بھر پور طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے بتایاکہ کسانوں کو زیادہ گندم اگانے کی جانب راغب کرنے کیلئے بھر پور طریقے سے مہم جاری ہے اور کاشتکاروں کو گندم کی بہترین اقسام اور اس کی کاشت کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ محکمہ زراعت مقررہ ا ہداف کے حصول کیلئے تما م وسائل بروئے کار لا ئے گا اور ہدف سے بھی بڑھ کر گندم کی کاشت کیلئے جدو جہد کی جائے گی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=513482

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں